ریاض،اسرائیلی وزیر سیاحت پہلے دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
اسرائیل کے وزیر برائے سیاحت ہیم کاٹز کاکہنا ہے کہ سیاحت قوموں کے مابین ایک پل ہے، سیاحت کے شعبے میں تعاون دلوں کو جوڑنے اور اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے لہٰذا میں تعاون، سیاحت اور اسرائیل کے خارجہ تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے کام کروں گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اطہار سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے کے موقع پر کیا۔ اسرائیلی وزیر برائے سیاحت ہیم کاٹز اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے ریاض پہنچے ہیں۔اسرائیلی وزارتِ سیاحت کے مطابق اسرائیلی کابینہ کے کسی رکن کا یہ پہلا سعودی عرب کا دورہ ہے۔وہ ریاض کا دو روزہ دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب سعودی عرب امریکا کی ثالثی میں ایک ممکنہ معاہدے پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل کے ساتھ باضابطہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے گا۔ ہیم کاٹز اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی ایک کانفرنس میں ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔