vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارت کےمویشی میلےمیں ننھی بھینس پنکی کے چرچے، چھوٹا قد، قیمت ایک کروڑروپےتک؟

0

راجھستان(نیوزڈیسک) بھارت کے مشہور پشکر مویشی میلے میں جہاں دیوہیکل بیل اور بھینسیں لوگوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں، وہیں اس بار ایک ننھی بھینس نے سب کو حیران کر دیا۔ صرف تین سالہ پنکی اپنے غیر معمولی چھوٹے قد کی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ننھی بھینس کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جبکہ سوشل میڈیا پر اس کی قیمت ایک کروڑ بھارتی روپے تک بتائی جا رہی ہے۔
قد چھوٹا، مگر شہرت بڑی،بھارت کی ریاست راجستھان میں منعقد ہونے والے مشہور پشکر مویشی میلے میں ایک ننھی بھینس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔تین سالہ اس بھینس کا نام پنکی ہے، جس کا غیر معمولی چھوٹا قد میلے میں آنے والے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والے اس میلے میں عام طور پر دیوہیکل مویشی لوگوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں، تاہم اس بار ننھی پنکی نے منفرد شناخت بنا لی۔پنکی کے مالک اور مویشیوں کے شوقین سہیل شکیل اسے ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے سے تقریباً 1100 کلومیٹر کا طویل سفر طے کر کے راجستھان لائے تھے۔میلے میں بچے ہوں یا بڑے، ہر کوئی پنکی کو قریب سے دیکھنے، اس کے ساتھ تصاویر بنانے اور سیلفیاں لینے کے لیے بے تاب دکھائی دیا۔

میلہ ختم ہو چکا ہے، لیکن پنکی کی شہرت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ اس کی دلچسپ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پنکی صرف اپنے چھوٹے قد کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اپنی مبینہ قیمت کے باعث بھی خبروں میں ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں اس کی قیمت 20 لاکھ سے ایک کروڑ بھارتی روپے تک بتائی جا رہی ہے، تاہم اس قیمت کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.