نیویارک(نیوزڈیسک)امریکہ میں بے روزگار افراد کے لیے سرکاری الاؤنس حاصل کرنا مزید مشکل ہونے جا رہا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے نئی تجویز پیش کر دی ہے، جس کے تحت بے روزگاری الاؤنس لینے والوں کو ہر ہفتے کم از کم پانچ ملازمت تلاش کرنے کی سرگرمیاں مکمل کرنا ہوں گی۔
امریکی لیبر ڈپارٹمنٹ کے مجوزہ قواعد کے مطابق بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے والے افراد کو نہ صرف باقاعدگی سے نوکری تلاش کرنا ہوگی بلکہ اپنی ان سرگرمیوں کی تفصیلات بھی ہر ہفتے ادائیگی جاری ہونے سے پہلے جمع کرانا ہوں گی۔فی الحال امریکہ کی بیشتر ریاستوں میں ہفتے کے دوران دو سے تین جاب سرچ سرگرمیوں کی شرط موجود ہے، جبکہ صرف چار ریاستوں میں یہ تعداد پانچ ہے۔بعض ریاستوں میں ہفتے میں صرف ایک سرگرمی بھی کافی سمجھی جاتی ہے۔
محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی کا مقصد ملک بھر میں بے روزگاری الاؤنس کے لیے ملازمت تلاش کرنے کے تقاضوں کو یکساں بنانا، نظام میں شفافیت لانا اور لوگوں کو جلد دوبارہ روزگار حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔لیکن نئی تجویز میں جاب سرچ سے مراد صرف مختلف کمپنیوں میں نوکری کے لیے درخواست دینا نہیں ہوگا۔مجوزہ قواعد کے تحت ممکنہ آجر سے رابطہ، ملازمت فراہم کرنے والی ایجنسی میں رجسٹریشن، یونین کے ذریعے روزگار کی تلاش، جاب انٹرویو، جاب فیئر میں شرکت اور دیگر قابل قبول سرگرمیاں بھی شمار ہو سکیں گی۔
ریاستوں کو پوائنٹس بیسڈ نظام اپنانے کی سہولت بھی دی جائے گی، جس کے تحت مختلف سرگرمیوں کے الگ الگ پوائنٹس مقرر کیے جا سکیں گے اور امیدوار کو ہفتے میں کم از کم پانچ پوائنٹس حاصل کرنا ہوں گے۔تاہم بعض مخصوص حالات میں متبادل اہلیت اور استثنیٰ کی گنجائش بھی تجویز کی گئی ہے۔دوسری جانب اس تجویز پر مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل ایمپلائمنٹ لا پروجیکٹ کی سینئر ڈائریکٹر مشیل ایورمور کے مطابق یہ شرط بے روزگار افراد کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، جبکہ ریاستوں کو اپنے آن لائن نظام اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے لیے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں۔
امریکی محکمہ محنت نے مجوزہ ضابطے کی اشاعت کے بعد عوام اور متعلقہ اداروں کو تبصرے جمع کرانے کے لیے 60 دن دیے ہیں۔ فیڈرل رجسٹر میں اس کی اشاعت 10 نومبر 2026 کو ہوئی ہے اور تبصرے جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔اس کے بعد موصول ہونے والی آرا کا جائزہ لے کر حتمی ضابطے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔یعنی فی الحال یہ شرط نافذ نہیں ہوئی، لیکن اگر تجویز منظور ہو گئی تو امریکہ میں بے روزگاری الاؤنس لینے والے افراد کو ہر ہفتے اپنی ملازمت کی تلاش کا باقاعدہ حساب دینا ہوگا۔