نیویارک میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے سستا انٹرنیٹ
نیویارک(نیوز ڈیسک)مہنگے انٹرنیٹ سے پریشان نیویارک کے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اہم سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز اور گورنر کیتھی ہوکل کی کوششوں کے بعد ٹی موبائل نے سستے انٹرنیٹ پلانز میں ڈیٹا کی حد ختم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اب اہل صارفین کو ڈیٹا مقررہ حد سے بڑھنے پر انتہائی سست انٹرنیٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
نیویارک میں ٹی موبائل کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت اہل صارفین کو ماہانہ 15 ڈالر میں کم از کم 25 میگا بِٹس فی سیکنڈ رفتار سے ہوم انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا، جبکہ 20 ڈالر ماہانہ والے پلان میں کم از کم 200 میگا بِٹس فی سیکنڈ کی رفتار دستیاب ہوگی۔یہ معاہدہ اٹارنی جنرل آفس کی تحقیقات کے بعد سامنے آیا، جس میں انکشاف ہوا تھا کہ ٹی موبائل 50 گیگا بائٹس ڈیٹا استعمال ہونے کے بعد صارفین کی انٹرنیٹ رفتار 97 فیصد سے بھی زیادہ کم کرکے صرف 650 کلو بِٹس فی سیکنڈ کر دیتی تھی۔
اس پالیسی کے باعث صارفین کو آن لائن تعلیم، دفتری امور، ویڈیو اسٹریمنگ اور روزمرہ ڈیجیٹل سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔نئے معاہدے کے تحت ٹی موبائل اپنے سستے انٹرنیٹ پلانز سے ماہانہ ڈیٹا کی حد ختم کرے گی اور اہل صارفین کو کم از کم 25 میگا بِٹس فی سیکنڈ رفتار فراہم کرے گی۔البتہ نیٹ ورک پر غیر معمولی رش کی صورت میں انٹرنیٹ کی رفتار عارضی طور پر کم کی جا سکے گی۔
کمپنی ان علاقوں میں بھی ان سستے پلانز کی دستیابی یقینی بنائے گی جہاں اس کی ہوم انٹرنیٹ سروس موجود ہے، جبکہ صارفین کے لیے ویب سائٹ پر ان پلانز کی معلومات تلاش کرنا بھی آسان بنایا جائے گا۔اس سہولت سے میڈیکیڈ، اسنیپ اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اسکول لنچ پروگرام سمیت مخصوص سرکاری امدادی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے گھرانے مستفید ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ آمدنی کی بنیاد پر بھی صارفین اس پروگرام کے اہل قرار پا سکتے ہیں۔