نیوزی لینڈ کی حکومت نے ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کے لیے مناکی اسکالرشپس کا پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم درخواست دینے سے پہلے اپنے ملک کی اہلیت اور شرائط جانچنا ضروری ہے۔
سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اسکالرشپ میں مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، رہائش کے ابتدائی اخراجات، آنے جانے کا ہوائی ٹکٹ اور طبی و سفری بیمہ شامل ہیں۔ تحقیقی ڈگریوں کے لیے مقالے اور تحقیق کے اخراجات میں بھی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔یہ وظائف ماسٹرز، پی ایچ ڈی اور دیگر اعلیٰ تعلیمی پروگراموں کے لیے دستیاب ہیں، جبکہ انڈرگریجویٹ تعلیم کی سہولت صرف بعض ممالک کے امیدواروں کو حاصل ہے۔ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ درخواست سے پہلے کم از کم دو سال اپنے ملک میں مقیم رہے ہوں اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم دو سال اپنے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ پوسٹ گریجویٹ امیدواروں کے لیے متعلقہ شعبے میں ایک سال کا کل وقتی یا دو سال کا جزوقتی تجربہ بھی لازمی ہے۔حکام کے مطابق 2027 کے تعلیمی داخلوں کے لیے درخواستوں کا آن لائن مرحلہ یکم مارچ سے 31 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔