نیویارک کے علاقے کوئنز میں پولیس نے ایک 72 سالہ بچوں کے ڈاکٹر کو اپنی دو خواتین مریضوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک 15 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔
پولیس اور استغاثہ کے مطابق ڈاکٹر فضل یوسف پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے فلشنگ میں واقع اپنے کلینک میں آدھے گھنٹے کے اندر دو الگ الگ واقعات میں ایک 20 سالہ خاتون اور ایک 15 سالہ لڑکی کو نازیبا حرکات کی۔شکایت کے مطابق پہلا واقعہ شام تقریباً سوا 5 بجے پیش آیا، جبکہ دوسرا واقعہ اس کے تقریباً 15 منٹ بعد ہوا۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملزم نے متاثرہ خواتین سے ایک جیسا جملہ بھی کہا۔ نیویارک پولیس نے ڈاکٹر یوسف کو منگل کو گرفتار کیا، جن پر جنسی زیادتی کی 2 دفعات، اور بچے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملزم نے کوئنز کریمنل کورٹ میں پیشی کے دوران خود کو بے گناہ قرار دیا۔ عدالت نے ان کی ضمانت 10 ہزار ڈالر نقد، یا 30 ہزار ڈالر کے انشورنس بانڈ یا جزوی طور پر محفوظ ضمانتی بانڈ پر مقرر کی۔ ملزم ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں اور آج دوبارہ عدالت میں پیش ہوں گے۔ پولیس نے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اور متاثرہ شخص ہو تو وہ ہاٹ لائن یا کرائم اسٹاپرز سے رابطہ کرے۔