امریکی ریاست ورجینیا میں ذہنی صحت کی خدمات کے نام پر میڈی کیڈ سے 49 ملین ڈالرکے مبینہ فراڈ کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
استغاثہ کے مطابق نوبل رچمنڈ کے علاقے میں قائم ذہنی صحت کے ادارے "ایڈوانسنگ کمیونٹیز ایوری ویئر” کی شریک مالک اور چیف آپریٹنگ آفیسر تھیں۔ ادارہ دعویٰ کرتا تھا کہ وہ شدید ذہنی بحران کے شکار افراد کو خدمات فراہم کرتا ہے، تاہم دی جانے والی خدمات بل کے مطابق نہیں تھیں۔ حکام کے مطابق نوبل اور ان کے ساتھی نے ایسی ٹیمیں بھیجنے کا بل کیا جن میں لائسنس یافتہ ماہرین شامل ہونے کا دعویٰ کیا گیا، حالانکہ صرف ایک کم تربیت یافتہ اہلکار خدمات فراہم کرتا تھا۔ استغاثہ کے مطابق میڈیکیڈ مستحقین کو غیرضروری خدمات قبول کرنے پر آمادہ کرنے کیلئے ہوٹل کمروں پر 20 لاکھ ڈالر سے زائد خرچ کیے گئے، جبکہ طبی ریکارڈ میں جعلی دستخط بھی شامل کیے گئے، بشمول نوبل کے اپنے دستخط ان اوقات میں جب وہ ملک سے باہر تھیں۔ حکام کے مطابق جنوری 2022 سے اپریل 2026 کے دوران نوبل نے ورجینیا میڈیکیڈ کو 49 ملین ڈالر سے زائد کے جعلی دعوے جمع کرائے۔ ان پر صحت کے فراڈ کی سازش اور 3 الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک پر زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔