میئر زہران ممدانی نے بروکلین کے علاقے سنسٹ پارک میں تھرڈ ایونیو کے 2.1 میل حصے کی مکمل تعمیر نو کا اعلان کیا ہے، جہاں گزشتہ دہائی میں 17 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں نرس جیایی ژنگ بھی شامل ہیں، جو اگست میں ہٹ اینڈ رن حادثے میں جاں بحق ہوئی تھیں۔ میئر ممدانی نے کہا کہ مختصر کراسنگ اور محفوظ بائیک لینز شہریوں کی حفاظت یقینی بناتے ہیں، اور اگلے سال سے تھرڈ ایونیو کی تعمیر نو شروع ہوگی۔ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کمشنر مائیک فلن کے مطابق یہ منصوبہ وژن زیرو ایکشن پلان کا حصہ ہے، جس کے تحت آئندہ تین سال میں شہر کی تمام خطرناک ترین سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ حکام کے مطابق 2027 سے ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن تھرڈ ایونیو کے 62ویں سے 20ویں اسٹریٹ تک 2.1 میل حصے کی تعمیر نو کرے گا، جس میں نئے پیدل جزائر، نئے چوراہے اور دونوں اطراف محفوظ بائیک لینز شامل ہوں گی۔ اسی طرح کی تعمیر نو سے دیگر علاقوں میں ٹریفک اموات اور شدید زخمی ہونے کے واقعات میں 30 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ تھرڈ ایونیو 150 فٹ چوڑی ہے، جس میں 6 لینز اور 52 فٹ چوڑا میڈین شامل ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والوں کو فٹبال میدان کے نصف حصے کے برابر فاصلہ عبور کرنا پڑتا ہے۔ نئے ڈیزائن سے یہ فاصلہ نصف تک کم ہوجائے گا۔ منصوبہ 2027 اور 2028 کے دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔