vosa.tv
Voice of South Asia!

عدالتی حکم کے باوجود75ممالک کےتارکینِ وطن کے ویزوں کاانتظار ختم نہ ہوسکا

0

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکا میں تارکینِ وطن کے ویزوں کا معاملہ عدالتی حکم کے باوجود حل نہ ہوسکا۔ 75 ممالک کے ہزاروں شہری اب بھی ویزوں کے انتظار میں بیرونِ ملک پھنسے ہوئے ہیں۔امیگریشن وکلا کے مطابق، ویزوں کی کارروائی سست روی کا شکار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ روکنے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا، جس کے بعد اگست میں ایک وفاقی جج نے پابندی ختم کرنے کا حکم دیا۔ تاہم، امیگریشن وکلا کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود ویزوں کی کارروائی میں تاخیر جاری ہے۔

این پی آر کی رپورٹ کے مطابق، جنوری میں یہ پالیسی نافذ ہونے تک دو لاکھ 80 ہزار سے زائد تارکینِ وطن ویزوں کے لیے درخواست دے چکے تھے۔ متاثرین میں امریکی شہریوں اور مستقل رہائشیوں کے شریکِ حیات، کم عمر بچے اور ملازمت کی بنیاد پر ویزے کے منتظر افراد بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں امریکی فوج کے سابق اہلکار ڈسٹن ہوفمین کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جن کی کولمبیا سے تعلق رکھنے والی اہلیہ گلوریا اور بچے ارجنٹینا میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ہوفمین نے خاندان کے لیے ہیوسٹن میں گھر تیار کیا تھا، لیکن ویزے میں تاخیر کے باعث وہ اپنے اہلِ خانہ سے الگ رہنے اور امریکا میں گھر کے قرض کے ساتھ ارجنٹینا میں کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے عملے کو ایسے تارکینِ وطن کی شناخت کے لیے اضافی تربیت دی جارہی ہے جو امریکا میں سرکاری مالی معاونت پر انحصار کرسکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں پہلے سے منظور شدہ ویزوں کے لیے بھی مزید جانچ درکار ہوسکتی ہے۔اس تاخیر سے کولمبیا کے محقق ڈاکٹر فرنانڈو لزکانو بھی متاثر ہوئے ہیں، جن کی ای بی ون اے ویزا درخواست غیرمعمولی صلاحیت رکھنے والے افراد کے زمرے میں آتی ہے۔ ان کی اہلیت تسلیم کیے جانے کے باوجود ویزے کی حتمی منظوری اور پاسپورٹ پر اجرا کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.