vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا کی 25 ریاستوں سے 50 سے زائد ائمہ کی شرکت، نیشنل امام کنونشن کا انعقاد

0

کیری، نارتھ کیرولائنا: امریکن مسلم ایڈووکیسی نیٹ ورک (امن) کے زیرِ اہتمام دوسرا سالانہ نیشنل امام کنونشن 2026 امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر کیری میں منعقد ہوا، جس میں امریکہ کی 25 ریاستوں سے 50 سے زائد ائمہ کرام، علماء اور اسلامی اسکالرز نے شرکت کی۔ کنونشن کا مرکزی موضوع امریکی معاشرے میں ائمہ کے بدلتے ہوئے کردار اور کمیونٹی میں ان کی ذمہ داریاں تھا۔

دو روزہ کنونشن کے دوران تربیتی نشستوں، گروپ مباحثوں اور پینل گفتگو کے ذریعے مذہبی قیادت، نوجوانوں کی تربیت، خاندانی استحکام، کمیونٹی کی خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ’’ایمان اور خاندان: امریکہ میں مسلمانوں کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے عوامی اجتماع بھی منعقد ہوا، جس میں خاندانوں، نوجوانوں، خواتین، پیشہ ور افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجتماع میں ایمان، خاندانی اقدار اور امریکی مسلم کمیونٹی کے مستقبل پر گفتگو کی گئی۔کنونشن کی اہم پیش رفت امریکن فتویٰ کونسل کی ویب سائٹ اور آن لائن پورٹل کا افتتاح تھا۔ اس اقدام کے ذریعے امریکی مسلمانوں کو روزمرہ شرعی مسائل کے حل کے لیے مستند علماء اور مفتیانِ کرام سے رہنمائی حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ ہاٹ لائن اور آن لائن سوالات بھیجنے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا۔کنونشن کے اختتام پر جاری اعلامیے میں امن، محبت، رواداری، مذہبی آزادی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ اعلامیے میں مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ وہ اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کریں، خاندانی نظام کو مضبوط بنائیں، دیگر مذاہب کے پیروکاروں سے خوشگوار تعلقات قائم کریں اور امریکہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔تنظیم کے مطابق کنونشن کا مقصد ملک بھر کے ائمہ کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا اور مذہبی قیادت، باہمی تعاون اور کمیونٹی کی خدمت کے کردار کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ امن مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، نفرت کے خلاف جدوجہد اور امریکی مسلم کمیونٹی کی سماجی و مذہبی ترقی کے لیے کام کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.