vosa.tv
Voice of South Asia!

جدہ میں شامِ غزل، استاد غلام عباس خان اور سیف عباس کی سحر انگیز گائیکی

0

سعودی عرب کے شہر جدہ میں کبابش آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام شامِ غزل کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار استاد غلام عباس خان اور ان کے صاحبزادے سیف عباس نے اپنی دلکش گائیکی سے حاضرین کو مسحور کردیا۔ محفل میں جدہ میں مقیم پاکستانی خاندانوں، خواتین و حضرات اور موسیقی کے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

استاد غلام عباس خان اور سیف عباس نے اپنی خوبصورت آواز میں ایک سے بڑھ کر ایک غزل پیش کی، جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ محفل موسیقی سے رات گئے تک سامعین محظوظ ہوتے رہے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے پریس قونصلر عرفان چوہدری تھے۔ اس موقع پر کمیونٹی کی ممتاز شخصیات ملک علی خورشید سلطان، آفتاب ترابی اور عبدالخالق لک سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ موسیقی دلوں کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہے اور استاد غلام عباس خان جیسے نامور فنکار بیرونِ ملک پاکستانی ثقافت اور کلاسیکی موسیقی کی روایت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسی محافل نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو قریب لاتی ہیں بلکہ اردو غزل کی شائستہ روایت کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔محفل کے اختتام پر کبابش آرٹس کونسل کی انتظامیہ اور فنکاروں کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو موسیقی سے بھرپور ایک یادگار شام فراہم کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.