کینیڈا کی یارک یونیورسٹی کے ڈہڈلے انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ ریسرچ نے 2027-28 کیلئے گریجویٹ طلبہ کو 3 ہزار سے 21 ہزار کینیڈین ڈالر تک کی اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔
ادارے کے مطابق یہ اسکالرشپ ایسے مقامی اور بین الاقوامی طلبہ کیلئے ہے جو عالمی صحت کے چیلنجز، زمینی صحت اور انسانی ہمدردی کے موضوعات پر تحقیق کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق منتخب طلبہ کو ادارے کے ہفتہ وار سیمینارز میں شرکت، سالانہ تحقیقی پیشکش اور ورکشاپس میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا، جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے یہ اسکالرشپ چار سال تک قابل تجدید ہوسکتی ہے۔ اہلیت کیلئے امیدوار کا یارک یونیورسٹی میں فل ٹائم تحقیقی گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لازمی ہے، اور درخواستیں تین بنیادی موضوعات میں سے کسی ایک سے متعلق ہونی چاہئیں زمینی صحت، عالمی صحت و انسانی ہمدردی، یا عالمی صحت کی مستقبل۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 8 جنوری 2027 ہے۔