اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستانی ناشتے کی تقریب، مختلف ممالک کے طلبہ کی شرکت
امریکا کی اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام روایتی پاکستانی ناشتے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی اور پاکستانی کھانوں سے لطف اٹھایا۔
تقریب میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر لئیق خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ وہ اوہائیو یونیورسٹی میں اسمارٹ لیب کے ڈائریکٹر اور اسکول آف میڈیا آرٹس اینڈ اسٹڈیز کے گریجویٹ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی قومی شناخت برقرار رکھتے ہوئے محنت اور لگن سے آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی کمیونٹی سے جڑے رہیں اور دستیاب تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی نائب صدر آزادی فتح محمد نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب کا مقصد گھر سے دور رہنے والے طلبہ کو اپنے وطن کی یادوں سے جوڑنا اور پاکستانی کھانوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا۔ایسوسی ایشن کی صدر زویا فتح محمد نے مہمانِ خصوصی کو گلدستہ پیش کیا اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن پاکستانی طلبہ کی کمیونٹی کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر ان کے علمی، ادبی اور ثقافتی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم ہے۔تقریب کے انعقاد میں ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر برائے سوشل میڈیا و ابلاغ احمد مجتبیٰ وکیل اور خزانچی امش عسکری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔اس تقریب میں پاکستان کے علاوہ انڈونیشیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، میکسیکو، ایکواڈور، مصر، سری لنکا اور امریکا سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ یہ اجتماع پاکستانی کھانوں اور روایات کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو قریب لانے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت مثال بن گیا۔