نیویارک میں اے پی اے جی کا انتخابی ایونٹ، سیاسی رہنماؤں کی شرکت
نیویارک (رپورٹ): امریکی ریاست نیویارک کے علاقے فریش میڈوز میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے زیرِ اہتمام ’’گیٹ آؤٹ دی ووٹ‘‘ کمیونٹی ایونٹ منعقد ہوا، جس میں سیاسی رہنماؤں، منتخب عہدیداران اور عدالتی امیدواروں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد کمیونٹی میں انتخابی شعور اجاگر کرنا اور شہریوں کو ووٹ کے حق کے استعمال کی ترغیب دینا تھا۔
شیرازی ریسٹورنٹ میں منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ پروگرام کے میزبان فرحان رشید نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ اے پی اے جی کے بانی و صدر علی رشید نے تنظیم کے مشن اور انتخابی عمل میں عوامی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب سے نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے بھی خطاب کیا، جو دوبارہ انتخاب کی امیدوار ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور انتخابات میں شرکت کی اہمیت پر گفتگو کی۔ اے پی اے جی کے رکن ملک ہاشم اور یوتھ ونگ کے سربراہ فرحان رشید نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ڈیوڈ آئی ویپرن نے ڈسٹرکٹ 24 سے دوبارہ انتخاب لڑنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ووٹ کی اہمیت اجاگر کی۔ اسٹیٹ سینیٹر جان سی لیو نے بھی انتخابی عمل میں عوامی شرکت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ جارجیا کی ریاستی اسمبلی کے امیدوار اکبر علی نے اپنی سیاسی جدوجہد اور نمائندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔تقریب میں عدالتی امیدواروں نے بھی شرکت کی، جن میں تھرڈ ڈسٹرکٹ سول کورٹ جج کی امیدوار مشیل میک سوینی اورٹیز، کوئینز کاؤنٹی سول کورٹ جج کی امیدوار جینٹ ایلن کیلر، امیدوار ایڈورڈ ایریزیری اور ایڈمنڈ وونگ شامل تھے۔ تمام امیدواروں نے اپنے خیالات پیش کیے اور شرکا سے خطاب کیا۔کانگریس مین گریگوری میکس نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے شعبۂ انسدادِ دہشت گردی کے کمانڈنگ افسر انسپکٹر عدیل رانا نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر اے پی اے جی کے صدر علی رشید نے تمام مہمانوں، عہدیداران اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شرکا کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔یہ اجتماع پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی اور دیگر شہریوں کو انتخابی عمل سے جوڑنے اور جمہوری شرکت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کے طور پر منعقد کیا گیا۔