شکاگو میں فرینڈز آف انڈس ہسپتال کا سالانہ فنڈ ریزنگ گالا، 400 سے زائد افراد شریک
امریکا کے شہر شکاگو میں فرینڈز آف انڈس ہسپتال کے زیرِ اہتمام سالانہ فنڈ ریزنگ گالا منعقد ہوا، جس کا مقصد پاکستان میں مستحق مریضوں کو مفت اور عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عطیات جمع کرنا تھا۔ تقریب میں 400 سے زائد کمیونٹی اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی قونصل خانے کے نمائندے زمان مہدی بھی موجود تھے۔
نیپر ویل کے ایمبیسی سویٹس میں منعقدہ تقریب ڈاکٹر جاوید امام کی قیادت میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد میزبان اویس اقبال نے شرکا کو انڈس ہسپتال کے فلاحی مشن سے آگاہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔اس موقع پر ڈاکٹر جنید زبیری نے ہسپتال کے طبی منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور طبی ٹیموں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کے اپنے تجربات بھی بیان کیے۔ڈاکٹر جاوید امام نے انڈس ہسپتال کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایک طبی مرکز سے شروع ہونے والا یہ نیٹ ورک اب ملک بھر میں ثانوی، بنیادی اور تخصصی طبی سہولیات فراہم کرنے والے نظام میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ہسپتال سالانہ تقریباً 60 لاکھ مریضوں کو خدمات فراہم کرتا ہے، جن میں اکثریت کو مفت علاج کی سہولت ملتی ہے۔تقریب میں پاکستان کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے انڈس ہسپتال کے ساتھ اپنی وابستگی اور مریضوں کے ساتھ کام کرنے کے تجربات شرکا سے شیئر کیے اور اس فلاحی مشن کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کمیونٹی کے افراد کو عطیات کے ذریعے اس مقصد میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دی۔تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے مستحق مریضوں کے مفت علاج کے لیے فراخ دلانہ عطیات پیش کیے۔ منتظمین کا مقصد ان عطیات کے ذریعے پاکستان میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے مشن کو جاری رکھنا اور مزید مستحق افراد تک علاج کی سہولت پہنچانا تھا۔