نیویارک کے میئر زہران ممدانی اور گورنر کیتھی ہوکل نے 2 سالہ بچوں کیلئے مفت چائلڈ کیئر پروگرام "2-K” میں 10 ہزار مزید نشستیں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو تمام بوروز میں دستیاب ہوں گی۔
حکام کے مطابق فال 2027 سے شہر بھر میں 12 ہزار سے زائد بچے اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ پروگرام صرف مین ہٹن، برونکس، کوئنز اور بروکلین کے 2 ہزار بچوں کیلئے تھا، جبکہ اسٹیٹن آئی لینڈ شامل نہیں تھا، اب پورا اسٹیٹن آئی لینڈ اور برونکس کے تمام اسکول اضلاع بھی اس میں شامل کیے جارہے ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی پروگرام کیلئے 5 ہزار 700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، اور ہر نشست سے خاندان کو اوسطاً سالانہ 26 ہزار ڈالر کی بچت ہوگی۔ گورنر ہوکل نے کہا کہ ریاست نے ابتدائی بچپن کی تعلیم کیلئے 1.2 ارب ڈالر مختص کیے ہیں اور مزید توسیع کیلئے فنڈز تلاش کرتی رہے گی۔ فال 2027 کی درخواستوں کے شیڈول کی مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔