امریکی وفاقی اداروں نے کیلیفورنیا بھر میں "آپریشن پروٹیکٹ دی ووٹ” کے تحت 28 غیرملکی شہریوں کے خلاف جعلی رجسٹریشن اور غیرقانونی ووٹنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے 11 کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق تمام ملزمان قانونی طور پر امریکا میں مقیم گرین کارڈ ہولڈرز ہیں، جو امریکی شہری نہ ہونے کے باوجود ووٹنگ کیلئے اہل قرار دیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ملزمان نے رجسٹریشن کے دوران جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ امریکی شہری ہیں، بعد ازاں شہریت حاصل کرنے کی درخواست میں یہ بھی جھوٹ بولا کہ انہوں نے کبھی شہریت کا دعویٰ نہیں کیا اور نہ ہی ووٹ ڈالا۔ ایکٹنگ ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹرینٹ میکوٹر کے مطابق تمام 28 ملزمان ان 20 ہزار سے زائد ممکنہ غیرشہریوں کی فہرست میں شامل تھے جو وفاقی حکومت نے کیلیفورنیا کو فراہم کی تھی، تاہم ریاست نے اس فہرست پر توجہ نہیں دی، جس پر وفاقی حکومت نے عدالت سے رجوع کرلیا۔ حکام کے مطابق ملزمان میں بیلیز، بھارت، ایل سلواڈور، گوئٹے مالا، میکسیکو، کمبوڈیا، ہونڈوراس، پاکستان، کینیڈا، فلپائن اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں، جن میں سے بیشتر نے حالیہ انتخابات میں بھی ووٹ ڈالا تھا۔