جدہ میں ملک جاوید حسین اعوان کے اعزاز میں الوداعی تقریب
جدہ (رپورٹ): معروف اوورسیز پاکستانی اور پیپلز پارٹی سعودی عرب کے سینئر نائب صدر ملک جاوید حسین اعوان کے اعزاز میں جدہ میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے ان کی سماجی اور کمیونٹی خدمات کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مسلم لیگ ن سعودی عرب چوہدری محمد اکرم گجر، پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر تصور چوہدری اور صدر عالمی حلقۂ فکر و فن و کبابش آرٹس کونسل جدہ آفتاب ترابی نے ملک جاوید حسین اعوان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ ملک جاوید نے پاکستانی کمیونٹی میں ہمیشہ مثبت اور فعال کردار ادا کیا اور وہ دیگر افراد کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔سعودی وکیل شعیل السلمی نے انہیں ’’محبت اور اعتماد کا سفیر‘‘ قرار دیا، جبکہ کبابش آرٹس کونسل کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے کہا کہ ملک جاوید کا حسنِ اخلاق اور خدمت کا جذبہ انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ اس موقع پر انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔اپنے خطاب میں ملک جاوید حسین اعوان نے کمیونٹی کی محبت کو اپنے لیے ’’زادِ راہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محبت ان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے۔