نیوجرسی میں جٹ بھٹہ فیملی فارمزکا دیسی فال فیسٹیول
نیویارک(نیوزڈیسک) جٹ بھٹہ فیملی فارمز نے پردیس میں دیس کی یاد تازہ کردی ۔نیوجرسی میں پہلی بار پمپکن پکنگ ایونٹ کے عنوان سے فال فیسٹیول سجایا جس میں دیسی کمیونٹی کھنچی چلی آئی ،قرعہ اندازی میں کئی خوش نصیبوں کا آئی فون 18 نکل آیا۔
امریکا میں جٹ بھٹہ فیملی فارمزکے زیر اہتمام نیوجرسی میں اپنی طرز کے منفرد پمپکن پکنگ ایونٹ کے عنوان سے پہلی بارفال فیسٹیول سجایا گیا جس میں سردی کے باوجود دیسی کمیونٹی کے ہزاروں افراد نےاپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کرکے اسے ایک کامیاب میلے میں تبدیل کردیا ۔فیسٹیول کے شرکا کے لیے داخلہ مفت رکھا گیا۔مونٹگمری ٹاون شپ کی میئر نینا سنگھ نے جٹ بھٹہ فیملی فارم کے روحِ رواں ڈاکٹر ابرار ندیم کے ساتھ مل کر ربن کاٹ کر فیسٹیو ل کا افتتاح کیا۔
فیسٹیول میں بچوں کے لیے بھرپور تفریح کا اہتمام کیا گیا تھا،ریل گاڑی کی شکل میں کڈزرائڈ زجنھیں دیکھ بڑوں کو بھی اپنا بچپن یاد آگیا،جمپنگ کیسل، باونسی ہاو س سے توبچوں کی موجیں ہی ہوگئیں۔ثقافتی سرگرمیوں سے بھرپور فیسٹول میں امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔کھانے پینے کے بے شمار اسٹالز نے بھی فیسٹول کی رونق کا خوب بڑھایابار بی کیو،اسٹیک، گرما گرم پراٹھے، پٹھورے ،فرائیڈ چکن، چیز برگر، مٹر پلاو، چنا چاٹ سمیت سب کچھ ہی لائیو تیار کیا گیا جس کی ہر طرف مہکتی خوشبو نے ماحول کو مزید سحر انگیز بنا دیا۔
سرد موسم میں چائے کافی نہ ہو یہ تو ممکن نہیں ۔کھلےآسمان تلےمزیدار چائے اور کافی کے لئے قطاریں لگ گئیں ۔نیوجرسی کے ٹاون شپ مونٹگمری ٹاون شپ کی میئر نینا سنگھ نے شرکا سے گفتگو میں کہا کہ معیشت کو پروان چڑھانے میں چھوٹے کاروبار کا بہت اہم کردار ہوتا ہے، ہماری انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ اسمال بزنس کو بھرپور سپورٹ فراہم کریں۔فیسٹیول میں پاکستان سے خصوصی طور پر آئے ہوئے پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری خالد اصغر گھرال سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اورفیسٹول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر مہمانوں کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں مختلف انواع و اقسام کے پکوان سے ان کی تواضع کی گئی ۔
فیسٹول میں مکمل دیسی ماحول تشکیل دیا گیا،چارپائیاں بچھا ئی گئیں جہاں فیملی کی خواتین اور بزرگوں نے وہ ہی احساس محسوس کیا جو وہ دیس میں کھیت کھلیانوں میں محسوس کیا کرتے تھے۔ایونٹ کے منتظم ڈاکٹرابرار ندیم بھٹہ کا کہنا تھا کہ جٹ بھٹہ فیملی فارمز نےاپنا وعدہ پورا کر دکھایا اور سردی کے باوجود دیسی کمیونٹی کی اتنی بڑی تعدا د میں شرکت نے ہی اس فیسٹیول کو کامیاب بنایا ہے ۔جٹ بھٹہ فیملی فارمز نے خود کے پالے ہوئے مویشی بھی فیسٹیول میں پہنچائے، ٹریکٹر ٹرالی میں بیٹھ کر فارم کی سیرنے شرکا ءکے دل و دماغ میں دیہاتی زندگی کی یاد ایک بار پھر تازہ کردی ۔
فیسٹیول کی سپر وائزر سمیہ مرزا کے مطابق جٹ بھٹہ فیملی نے یہ کوشش کی ہے کہ ایک ساتھ سینکڑوں افراد کوایسا دیسی ماحول فراہم کیا جائے جو انھیں طویل عرصہ یاد رہے ۔خواتین و مرد و کے لیے مشرقی ملبوسات کے اسٹالز سجے، منفرد اور دیدہ زیب ڈیزائن کی جیولری اور آرائشی اشیاء خواتین کی نظروں میں ایسی سمائیں کہ سب کھنچی چلی آئیں،جبکہ پنجاب کی مشہور ثقافت میں شامل منفرد ڈیزائن کی کھسے تو سب کی توجہ کا مرکز بن گئے ۔ شرکا کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو پنجاب کی ثقافت سے روشناس کرانے کی اچھی اور کامیاب کوشش ہے، اُمید ہے ایسی سرگرمیوں کا اہتمام آئندہ بھی ہوتا رہے گا۔
شرکا کی کثیر تعداد میں شرکت نے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی ہوں یا انڈین ۔۔پنجاب کی تہذیب و ثقافت ان کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔فیسٹیول میں ہر طرف گہما گہمی سے پکنگ کا سا سماں بن گیا، بالخصوص پنجابی ثقافت کی عکاسی کرتے رقص اور بھنگڑوں نے شرکا کا لہو گرمایا۔فیسٹیول کے اختتام سے قبل ریفل ٹکٹ میں کئی خوش نصیوں کا نام آئی فون18پرو میکس کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے نکل آیا۔