امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی جج کے حکم امتناعی کے باوجود واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی ایسٹ پوٹومیک گالف کورس کی تزئین نو 15 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج انا ریئس نے پہلے ہی حکم دیا تھا کہ کسی بھی بڑی تعمیراتی کام سے قبل حکومت کو اطلاع دینا ہوگی، اور گزشتہ ہفتے درختوں کی کٹائی روکنے کا حکم بھی جاری کیا تھا، جسے انہوں نے "ناقابل معافی” قرار دیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ گالف کورس دنیا کے بہترین اور شاندار ترین گالف کورسز میں سے ایک بن جائے گا اور تقریباً 15 ماہ میں دوبارہ کھل جائے گا، تاہم انہوں نے قانونی تنازعے کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ جج نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اتوار شام 8 بجے تک آگاہ کرے کہ آیا ان کا موقف جمعہ کی عدالتی دستاویز سے تبدیل ہوا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ 106 سالہ پرانے اس پارک اور گالف کورس پر تزئین نو کے منصوبے کے خلاف ڈی سی پریزرویشن لیگ نے فروری میں مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اور امریکی تاریخ کے ایک انمول حصے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔ 9 اکتوبر کو حکومت نے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی تھی، مگر اگلے ہی روز تقریباً 500 درخت کاٹ دیے گئے، جس پر جج نے کٹائی روکنے کا حکم جاری کیا۔ جمعہ کو حکومت نے جج کو مقدمے سے الگ کرنے کی درخواست بھی دائر کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ جج کا رویہ انتظامیہ کے خلاف تعصب پر مبنی ہے۔