vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی صدرکی پالیسیوں کےخلاف ملک گیرمظاہرے،نیویارک اورٹرائی اسٹیٹ ایریا میں ہزاروں افرادسڑکوں پرنکل آئے

0

نیویارک(نیوزڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف اور آنے والے وسط مدتی انتخابات میں ووٹرز کو متحرک کرنے کے لیے نیویارک سمیت امریکہ بھر میں نو کنگز تحریک کے تحت ملک گیر مظاہروں کا انعقاد کیا گیا،منتظمین نے اس دن کو آگاہی اور یکجہتی کا ملک گیر دن قرار دیا ، جس کا مقصد شہریوں کو قبل از وقت ووٹنگ کی ترغیب دینا ہے۔

نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ایک ہی دن کے دوران چھ بڑے مظاہرے منعقد ہوئے، جبکہ ویسٹ چیسٹر، لانگ آئی لینڈ اور نیو جرسی میں بھی درجنوں ریلیاں نکالی گئیں۔ نیویارک شہر کا مرکزی اجتماع ووٹ فیسٹ این وائے سی واشنگٹن اسکوائر پارک میں منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

نو کنگزتحریک کا آغاز جون 2025 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالگرہ کی پریڈ کے موقع پر ہوا تھا۔ تحریک کے منتظمین کے مطابق، اس کے تحت اب تک 70 لاکھ سے زائد افراد احتجاجی سرگرمیوں میں شریک ہو چکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں 2700 سے زیادہ پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔ تحریک کا بنیادی مقصد پرامن اور عدم تشدد کے ذریعے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔مظاہروں پر ردِعمل دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان لورین بس نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے ووٹنگ اور انتخابات پر بات کرنا ہی اس بات کی دلیل ہے کہ تحریک کو اپنا نام تبدیل کر لینا چاہیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نومبر میں امریکی عوام کے سامنے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور ڈیموکریٹس کی کھلی سرحدوں کی پالیسیوں کے درمیان انتخاب ہوگا۔مظاہروں کے باعث نیویارک کے بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم منتظمین نے اجتماعات کو پرامن رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ تنازع کی صورت میں کشیدگی کم کرنے اور حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.