بحیرہ خلیج میں بننے والا طوفان ایسایاس ہریکین میں تبدیل ہوگیا ہے اور جمعہ کی شب امریکی خلیجی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے بعد مسیسیپی سے لوزیانا تک سمندری طغیانی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق یہ طوفان تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے اور 121 سال پرانا ریکارڈ برابر یا توڑ سکتا ہے، کیونکہ یہ بحر اوقیانوس کے اس سیزن کا اب تک کا سب سے تاخیر سے بننے والا پہلا ہریکین ہے۔ حکام کے مطابق طوفان میکسیکو کے پروگریسو سے 185 میل شمال مغرب میں مرکوز ہے، جس کی رفتار 75 میل فی گھنٹہ ہے اور یہ مشرق شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حکام کے مطابق طوفان جمعہ کی رات یا ہفتے کی صبح جنوب مشرقی لوزیانا اور فلوریڈا پین ہینڈل کے درمیان ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس سے خطرناک ہوائیں، سمندری طغیانی اور شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ الگ تھلگ طوفانی بگولے بھی ممکن ہیں۔ فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سانتیس نے پین ہینڈل اور بگ بینڈ کے 25 اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے، تاکہ امدادی عملہ اور آلات بروقت بھیجے جاسکیں۔ حکام کے مطابق طوفان جمعہ سے خلیجی ساحل پر 3 سے 6 انچ بارش برسائے گا، جبکہ بعض علاقوں میں یہ مقدار 10 انچ تک جاسکتی ہے۔