نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے 7 اکتوبر کے حملوں کی تیسری برسی کے موقع پر بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے اس دن کے واقعات اور غزہ میں جاری جنگ دونوں کا ذکر کیا۔
میئر ممدانی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن بہت سے نیویارک شہریوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے، اور اسی دن حماس نے 1100 سے زائد اسرائیلیوں کو جاں بحق جبکہ 251 کو یرغمال بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دکھ ان نیویارک کے شہریوں کے ساتھ ہے جو آج بھی اس ناقابل تصور نقصان کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ میئر نے مزید کہا کہ تکلیف کا سلسلہ اسی دن ختم نہیں ہوا بلکہ غزہ میں اسرائیلی حکومت کی جاری کارروائیوں میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی، جن میں 21 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں، جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ نام نہاد جنگ بندی کے بعد بھی 1400 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے ٹیکس ڈالرز بھی اس جنگ کی مالی معاونت کرتے ہیں، اور یہ حقیقت بہت سے شہریوں کیلئے تکلیف دہ ہے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ تین سال بعد بھی ہمیں قبضے اور عدم مساوات کے تسلسل اور جنگی جرائم پر سزا نہ ملنے کے نظام کو مسترد کرنا ہوگا، اور ہر فرد کی آزادی، تحفظ اور عزت کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔