میئر زہران ممدانی نے بروکلین کی بے پارک وے اور کراپسی ایونیو پر نئی بس لینز اور حفاظتی اقدامات کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے، جس سے روزانہ 35 ہزار مسافروں کا سفر تیز اور محفوظ ہوگا۔
حکام کے مطابق موجودہ صورتحال میں بے پارک وے پر بسوں کی رفتار صرف 3 میل فی گھنٹہ تک محدود ہے، جبکہ نیا منصوبہ ایونیو جے سے شور پارک وے اور کراپسی ایونیو سے 26ویں ایونیو تک نئی بس لینز شامل کرے گا، جس سے بروکلین کے مصروف ترین بی 6 اور بی 82 روٹس سمیت دیگر بسوں کی سروس بہتر ہوگی۔ میئر ممدانی نے کہا کہ جنوبی بروکلین تیز بس سروس اور محفوظ سڑکوں کی حقدار ہے، اور ان کی انتظامیہ اس پر فوری کام کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ دونوں سڑکیں وژن زیرو کی ترجیحی فہرست میں شامل ہیں، جہاں 2021 سے 2025 کے دوران ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 26 شدید زخمی ہوئے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے مطابق منصوبے میں پیدل چلنے والوں کیلئے نئے ریمپس، 18 نئے میڈین جزائر اور متعدد چوراہوں پر بائیں مڑنے کی نئی لینز اور پابندیاں شامل ہوں گی، جن سے پیدل اور سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ میئر کے پانچوں بورو میں بس سروس بہتر بنانے کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے۔