چالیس سال کی عمر کے بعد جسم میں ایسی تبدیلیاں شروع ہوجاتی ہیں جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کردیتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ روزانہ صرف 10 منٹ کی ورزش آپ کو بڑھتی عمر میں کمزور ہونے سے بچانے میں مدد دے سکتی ہے۔
طبی اور فٹنس ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ جسم کے مسلز یا پٹھے بتدریج کم ہونے لگتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں جسمانی طاقت متاثر ہوسکتی ہے، میٹابولزم سست پڑ سکتا ہے اور روزمرہ کے کام بھی مشکل محسوس ہونے لگتے ہیں۔لیکن اس کے لیے ضروری نہیں کہ آپ گھنٹوں جم میں گزاریں۔
ماہرین کے مطابق پش اپس، اسکواٹس اور ہلکی ڈمبل ایکسرسائز جیسی طاقت بڑھانے والی ورزشوں کو روزمرہ معمول کا حصہ بنانا مسلز کو فعال رکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔صرف 10 منٹ کی باقاعدہ ورزش طاقت، توازن اور جسمانی فعالیت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ گرنے اور ہڈیوں کی کمزوری سے متعلق خطرات کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔لیکن ورزش کے ساتھ خوراک بھی اتنی ہی اہم ہے۔
ماہرین پروٹین سے بھرپور متوازن غذا کو مسلز کی مرمت اور برقرار رکھنے کے لیے اہم قرار دیتے ہیں۔ انڈے، مچھلی، دالیں، دہی، دودھ اور دیگر پروٹین والی غذائیں اس حوالے سے روزمرہ خوراک کا حصہ بن سکتی ہیں۔یعنی 40 کے بعد فٹ رہنے کے لیے لازمی نہیں کہ آپ روزانہ گھنٹوں جم میں گزاریں۔اصل راز ہے باقاعدگی، مناسب طاقت کی ورزش اور متوازن غذا۔البتہ اگر آپ کو کوئی بیماری، جوڑوں کا مسئلہ یا ورزش سے متعلق طبی پابندی ہے تو نیا ورزش پروگرام شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر یا ماہرِ صحت سے مشورہ ضرور کریں۔