ایڈز ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کا میڈیکیئر فراڈ کے الزامات پر 1.44 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق
کیلیفورنیا میں قائم غیرمنافع بخش ادارے ایڈز ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن نے میڈیکیئر ایڈوانٹیج پروگرام سے زائد ادائیگیاں حاصل کرنے کیلئے غلط تشخیصی کوڈز جمع کرانے کے الزامات سے نمٹانے کیلئے 1.44 ملین ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ادارہ امریکا اور دیگر ممالک میں ایچ آئی وی کے مریضوں کو خدمات فراہم کرتا ہے، اور اس کا ذیلی ادارہ فلوریڈا، جارجیا اور کیلیفورنیا میں ایچ آئی وی کے مریضوں کیلئے خصوصی میڈیکیئر پلان چلاتا ہے۔ استغاثہ کے مطابق 2017 سے 2023 کے ادائیگی سالوں کے دوران ادارے نے ایسے تشخیصی کوڈز بروقت درست یا حذف نہیں کیے جو طبی ریکارڈ میں درج نہیں تھے یا غلط تھے، حالانکہ ادارہ جانتا تھا کہ 60 دن میں ایسے کوڈز کی چھان بین لازمی ہے۔ حکام کے مطابق ادارے نے 2017 میں ایسے ایچ آئی وی تشخیصی کوڈز بھی جمع کرائے جن کی تصدیق کسی طبی ملاقات کے ریکارڈ سے نہیں ہوسکی۔ یہ سیٹلمنٹ سابق ملازمہ ڈونا آئرنز کی وسل بلوئر شکایت پر عمل میں آئی، جنہیں وفاقی وصولی میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 200 ڈالر ملیں گے۔ حکام کے مطابق ادارے نے تحقیقات میں تعاون کیا اور خود ہی غلط کوڈز حذف کرنا شروع کردیے تھے، جس کی بنا پر اسے محکمہ انصاف کے رہنما اصولوں کے تحت رعایت بھی دی گئی۔