vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی محکمہ خزانہ کا بڑااقدام،60ملین سےزائد بچوں کےٹرمپ اکاؤنٹس میں خودکاراندراج مکمل

0

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکی محکمہ خزانہ نے 60 ملین  سے زائد بچوں کے لیے ٹرمپ اکاؤنٹس میں خودکار اندراج مکمل کرنے کا اعلان کردیا۔محکمہ خزانہ کے مطابق 18 سال سے کم عمر ہر اہل امریکی بچہ، جس کے پاس درست سوشل سیکیورٹی نمبر موجود ہے، اب ایک ٹرمپ اکاؤنٹ کا حامل ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ خودکار اندراج کے ذریعے مزید 60 ملین سے زائد بچوں کے لیے اکاؤنٹس تیار کیے گئے ہیں، جنہیں والدین یا سرپرست کلیم کرکے فعال کرسکتے ہیں۔والدین کو اکاؤنٹ کلیم کرنے کے لیے اپنی شناخت اور بچے سے تعلق کی تصدیق کرنا ہوگی۔ اس کے بعد خاندان کے افراد، دوست اور آجر بھی اکاؤنٹ میں رقم جمع کراسکتے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے اس مقصد کے لیےٹرمپ اکاؤنٹس  ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔

یکم جنوری 2025 سے 31 دسمبر 2028 کے دوران پیدا ہونے والے اہل امریکی بچوں کو امریکی خزانے کی جانب سے ایک ہزار ڈالر کی ابتدائی رقم بھی مل سکتی ہے، تاہم اس کے لیے بچے کا اکاؤنٹ کلیم کرنا ضروری ہے۔قوانین کے تحت والدین اور دیگر افراد کی جانب سے مجموعی طور پر سالانہ 5 ہزار ڈالر تک رقم جمع کرائی جاسکتی ہے، جبکہ آجر اپنے ملازمین کے بچوں کے اکاؤنٹس میں سالانہ 2 ہزار 500 ڈالر تک ٹیکس فری حصہ ڈال سکتے ہیں، جو مجموعی سالانہ حد میں شمار ہوتا ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق ٹرمپ اکاؤنٹس کا مقصد بچوں کو کم عمری سے سرمایہ کاری اور طویل مدتی مالی بچت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اکاؤنٹس میں موجود رقم طویل مدت میں سرمایہ کاری کے ذریعے بڑھ سکتی ہے، تاہم مستقبل کی رقم مارکیٹ کی کارکردگی پر منحصر ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.