vosa.tv
Voice of South Asia!

برونکس میں پہلا بس وے مکمل، ٹریمونٹ ایونیو پر روزانہ 39 ہزار مسافروں کا سفر تیز اور محفوظ

0

 نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے برونکس میں ٹریمونٹ ایونیو بس وے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے، جس سے بی ایکس 36 روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے 39 ہزار مسافروں کو تیز اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔

 نیویارک سٹی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے مطابق ٹریمونٹ ایونیو برونکس کی مصروف ترین اور خطرناک ترین سڑکوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں بسیں پہلے 5 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک محدود ہوجاتی تھیں۔ حکام کے مطابق یہ کوریڈور سب وے اور میٹرو نارتھ ریلوے سے منسلک ہے اور یہاں 72 فیصد گھرانوں کے پاس ذاتی گاڑی نہیں۔ بس وے ہفتے کے ساتوں دن صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک فعال رہے گا، جہاں بسوں، ایمرجنسی گاڑیوں اور چھ یا زائد ٹائروں والی ٹرکوں کو مکمل کوریڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ٹیکسیاں اور نجی کرائے کی گاڑیاں صرف مقامی رسائی کیلئے داخل ہوسکیں گی۔ میئر ممدانی نے کہا کہ اس منصوبے سے روزانہ 39 ہزار مسافروں کا ٹریفک میں پھنسنے کا وقت کم ہوگا اور شہر کی سڑکیں سب کیلئے محفوظ تر بنیں گی۔ حکام کے مطابق 2020 سے 2024 کے دوران ٹریمونٹ ایونیو پر ہونے والے حادثات میں 4 افراد ہلاک اور تقریباً 630 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے کوریڈور پر 8 چوراہوں پر حفاظتی اقدامات بھی کیے ہیں، جن میں پیدل چلنے والوں کیلئے مختصر کراسنگ اور سائیکل پارکنگ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق میئر ممدانی کی انتظامیہ نے 2026 میں پانچوں بورو میں بس سروس بہتر بنانے کیلئے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں مین ہٹن، بروکلین، اسٹیٹن آئی لینڈ اور کوئنز کے اہم روٹس شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.