نیویارک: اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گرینڈ کانفرنس کا انعقاد،سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق اور مسائل کے حل پر زور
نیویارک (نیوزڈیسک)میں اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام آل اوورسیز پاکستانیز کانفرنس گلوبل اوورسیز پاکستانیز ڈائیلاگ اینڈ لیڈرشپ فورم کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں اوورسیز پاکستانیوں کے باہمی رابطوں، ان کی قیادت کو فروغ دینے، درپیش سماجی و قانونی مسائل کے حل اور پاکستان و بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈمیں اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام آل اوورسیز پاکستانیز کانفرنس گلوبل اوورسیز پاکستانیز ڈائیلاگ اینڈ لیڈرشپ فورم کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم کانفرنس کا بنیادی مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانا تھا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ جس کے بعد شرکا کے احترام میں پہلےامریکا کا قومی ترانہ اور پھر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض مس نیئر علی نے انجام دیے جنہوں نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس کے بعدنئیر علی نے او پی جی ایف کے چیف آرگنائزر سلیمان ملک کو دعوت دی، جنہوں نے کانفرنس کے حوالے سے شرکا کو ویلکم کیا۔ اس موقع پر وطنِ عزیز سے محبت کے اظہار کے لیے او پی جی ایف کی جانب سے ایک خوبصورت ترانہ بھی پیش کیا گیا۔او پی جی ایف کے چیئرمین ظہیر اختر مہر نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش موجودہ مسائل، بالخصوص ان کے حقوق اور پاکستان میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی۔
ان کے بعد شکاگو چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کے مہمانِ خصوصی او پی جی ایف ایف کے چیئرمین سید قمر رضا نے شرکا سے کلیدی خطاب کیا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے سلگتے مسائل، ان کے حل اور سمندر پار بسنے والے ہم وطنوں کے موجودہ حالات پر پُراثر گفتگو کی۔ تقریب کے گیسٹ آف آنر اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے بھی کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔
اس موقع پر ممبر نیشنل اسمبلی احسان الحق باجوہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے شاندار انعقاد کو سراہا اور تمام اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔تقاریر کے سلسلے کے آخر میں او پی جی ایف یو ایس اے کی صدر طاہرہ شریف نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس کامیاب کانفرنس میں شرکت پر سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اس اہم کانفرنس میں نیویارک اور گردونواح کی دیگر مختلف پاکستانی کمیونٹی آرگنائزیشنز کے عہدیداران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار کیا۔
تقریب کے پروقار اختتام پر کانفرنس میں شریک تمام مہمانوں اور کمیونٹی رہنماؤں کے لیے طعام کا شاندار اہتمام کیا گیا تھا۔