دمام میں سعودی عرب کے قومی دن کی رنگا رنگ تقریب
سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں دی ٹیلنٹ انٹرنیشنل فورم اور ٹیک نیوڈ انٹرنیشنل اسکول کے زیرِ اہتمام سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکا نے سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے سعودی عرب سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رانا ذوالقرنین نے کہا کہ سعودی عرب کا قومی دن تاریخِ اسلام کا ایک روشن باب ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام کے مضبوط رشتوں پر قائم ہیں۔چوہدری ندیم اختر اور ڈاکٹر منشا طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کا ثقافتی ورثہ اور اسلامی تاریخ پوری دنیا میں قابلِ احترام ہے، جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں وژن دو ہزار تیس ایک دوراندیش منصوبہ ہے۔تقریب سے غلام مصطفیٰ خان، عدنان محمود، عمیر حسن خان، عظمت اللہ، نسیم حسن وٹو، محمد شہباز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سعودی عرب کے قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر سعودی عرب کے چھیانوےویں قومی دن کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔