vosa.tv
Voice of South Asia!

شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں، بل گیٹس اور آئی ایم ایف سربراہ سے اہم ملاقاتیں

0

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں مصروف دن گزارا، جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی اداروں کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر کینیا کے صدر ولیم روٹو، بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا، گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس، یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم کی آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے دواسازی، ٹیکسٹائل، جراحی کے آلات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ملاقات میں مشرقی افریقی برادری کے ساتھ پاکستان کے روابط، علاقائی اور عالمی امور، پائیدار ترقی اور عالمی امن و سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر ولیم روٹو نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا۔بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی، تعلیم، ثقافت اور ہنرمند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔بل گیٹس سے ملاقات میں وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کی طویل مدتی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے مکمل خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں جانب سے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہا اور اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام سے بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے اور مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے معاشی اصلاحات کے ساتھ کمزور طبقات کے تحفظ کے حکومتی عزم پر بھی زور دیا۔کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے اور اقتصادی اصلاحات کے حوالے سے جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کی قیادت سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے وسیع البنیاد شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس کی اہمیت اجاگر کی اور اس فریم ورک کے تحت مسلسل روابط جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کریں گے، جبکہ شام کے صدر احمد الشرع اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سمیت دیگر عالمی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی ان کے دورۂ نیویارک کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.