vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں ایک دہائی میں سب سے زیادہ درخت لگائے گئے، رواں مالی سال 18 ہزار سے زائد پودے تیار

0

 نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں رواں مالی سال 2026 کے دوران 18 ہزار 261 درخت لگائے گئے، جو 2016 کے بعد ایک سال میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

 پارکس کمشنر ٹریشا شیماموڑا کے مطابق زیادہ تر درخت ان علاقوں میں لگائے گئے جو شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، تاکہ صاف ہوا، ٹھنڈی سڑکیں، سیلاب سے بہتر تحفظ اور زیادہ ہریالی فراہم کی جاسکے۔ حکام کے مطابق یہ ریکارڈ کامیابی نیویارک پارکس کے اس نئے طریقہ کار کا نتیجہ ہے جس کے تحت درخت لگانے کا عمل تیز کیا گیا، تاکہ اربن فاریسٹ پلان کے تحت 2040 تک شہر میں 30 فیصد ٹری کینوپی کوریج کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔ محکمے کے مطابق اس بار نرسریوں کے ساتھ شراکت داری کرکے پہلے سے زیادہ درخت تیار کیے گئے، بہار کی کونپلیں نکلنے سے قبل ہی درخت کاٹے گئے اور نئے لگائے گئے درختوں کو گرمیوں بھر پانی اور کھاد دی جاتی رہی۔ میئر ممدانی نے کہا کہ ہر نیویارک باشندے کو، چاہے وہ کسی بھی علاقے میں رہتا ہو، گرمی کے دن ٹھنڈی چھاؤں اور صاف ہوا میسر ہونی چاہیے، اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے خاص طور پر ضرورت مند علاقوں میں شہر زیادہ ٹھنڈا، صحت مند اور خوبصورت بنے گا۔حکام کے مطابق زیادہ تر نئے درخت برونکس، بروکلین، مین ہٹن اور کوئنز کے ان علاقوں میں لگائے گئے جو شدید گرمی سے متاثر ہوتے ہیں، جن میں ولیمز برج، کونی آئی لینڈ، ایسٹ ہارلیم اور لانگ آئی لینڈ سٹی سمیت متعدد محلے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر میں فی الوقت 70 لاکھ سے زائد درخت موجود ہیں، جو 100 سے زائد اقسام پر مشتمل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.