vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:ملک عباس کی جانب سے پرتکلف عشائیہ، اہم شخصیات اور کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت

0

نیویارک (نیوزڈیسک) نیو یارک کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈمیں معروف کاروباری شخصیت ملک عباس کے زیرِ اہتمام ان کی رہائش گاہ پر چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ اور پیرس سے تشریف لانے والے معروف سماجی شخصیت سردار ظہور کے اعزاز میں کمیونٹی ملاقات اور پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض راجہ رزاق نے انجام دیے۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز پیر سید صفدر حسین شاہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔

اس موقع پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل، ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر گفتگو کی گئی۔میزبان ملک عباس نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معزز شخصیات اور کمیونٹی نمائندگان کی شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔

پروگرام  میں شریک پیرس سے تشریف لانے والے سردار ظہورا ورپاکستان کے رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ کا کہنا تھا کہ  ماضی میں بہت سے پاکستانی اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن  کے کردار سے پوری طرح آگاہ نہیں تھے، تاہم سید قمر رضا شاہ کے چیئرمین بننے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے خود کمیونٹی کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا ضروری ہے۔

 اس موقع پر  چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے  اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیا، انہوں نے  کہا کہ وہ ترسیلاتِ زر، ملکی برآمدات، سرمایہ کاری اور فلاحی و خیراتی سرگرمیوں کے ذریعے ملکی معیشت اور معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں اور اپنے کردار، محنت اور سرمایہ کے ذریعے ملک کی ترقی میں نمایاں حصہ ڈال سکتے ہیں۔

اس موقع پر  نصرت سہیل اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے سید قمر رضا شاہ کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور ان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے ملک عباس کی جانب سے اس خوبصورت اور پُرخلوص میزبانی کو بھی سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.