vosa.tv
Voice of South Asia!

نائن الیون کے 25 سال بعد بچوں کی صحت پر اہم تحقیق کی تیاری

0

نیویارک(نیوزڈیسک)نائن الیون کے دہشت گرد حملوں کے 25 سال بعد امریکی حکام نے اُس وقت نیویارک میں موجود بچوں کی صحت پر پڑنے والے طویل مدتی اثرات جانچنے کے لیے ایک بڑی تحقیق شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں کے وقت لوئر مین ہٹن اور بروکلین میں ہزاروں بچے موجود تھے۔ ان میں شیر خوار بچوں کے ساتھ وہ بچے بھی شامل تھے جو اُس وقت اپنی ماؤں کے پیٹ میں تھے۔حملوں کے بعد ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ملبے سے اٹھنے والی گرد و غبار میں کنکریٹ، شیشے، ایسبیسٹوس اور دیگر آلودہ ذرات شامل تھے، تاہم اُس وقت بچوں کی بڑی تعداد کو طبی تحقیقات کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

اب امریکی حکام یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ نائن الیون کے دوران زہریلے ماحول اور شدید ذہنی صدمے سے گزرنے والے بچوں کی بعد کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔تحقیق میں خاص طور پر یہ جائزہ لیا جائے گا کہ ان افراد میں کینسر، دل کے امراض، تولیدی مسائل اور دیگر دائمی بیماریوں کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں کس حد تک بڑھا۔

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق تحقیق میں ایسے افراد کو شامل کیا جائے گا جو 11 ستمبر 2001 کو مین ہٹن میں 14ویں اسٹریٹ سے نیچے یا بروکلین میں رہتے تھے اور اُس وقت ان کی عمر 21 سال یا اس سے کم تھی، یا وہ اپنی ماؤں کے پیٹ میں تھے۔تحقیق میں ایک ایسا تقابلی گروپ بھی شامل کیا جائے گا جو نائن الیون کے زہریلے ماحول سے براہِ راست متاثر نہیں ہوا تھا۔منصوبے کے لیے 50 ملین ڈالر تک فنڈز مختص کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ تحقیق کا باقاعدہ آغاز جولائی 2027 میں متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.