نیویارک شہر میں بچوں کی حفاظت کیلئے پانچوں بورو میں اسکولوں کے قریب 15 میل فی گھنٹہ رفتار کی حد والے سینکڑوں نئے سلو زون قائم کردیئے گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے اب تک 200 سے زائد مقامات پر سلو زون قائم کیے ہیں، جبکہ رواں سال کے اختتام تک ان کی تعداد 800 تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا ہے کہ ہر طالب علم کو اسکول جاتے ہوئے محفوظ محسوس کرنے کا حق ہے، جبکہ نئی سڑکوں کی ترتیب اور کم رفتار والے علاقوں کے ذریعے بچوں کی حفاظت مزید بہتر بنائی جائے گی۔اس کے علاوہ ٹریبیکا کے کلارکسن اسٹریٹ پر کسی اسکول کے باہر پہلی مرتبہ خصوصی اوپن اسٹریٹس گیٹ نصب کیا جائے گا، جس کے ذریعے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کرکے طلبہ کیلئے کھیل اور تعلیمی سرگرمیوں کی جگہ میں تبدیل کیا جاسکے گا۔حکام کے مطابق منصوبے میں پیدل چلنے والوں کیلئے اضافی جگہ اور عوامی نشستوں کا بھی اضافہ کیا جائے گا، جبکہ 2026 کے دوران 300 سے زائد اسکولوں کے اطراف سڑکوں کی ازسرنو ترتیب کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کی جارہی ہے۔