vosa.tv
Voice of South Asia!

قبر کھودنے کا انوکھا مقابلہ،38 افراد آمنے سامنے

0


نیویارک (نیوزڈیسک) کھیلوں کے مقابلے تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے، لیکن کیا کبھی قبر کھودنے کا مقابلہ بھی دیکھا ہے؟ہنگری میں کچھ ایسا ہی ہوا، جہاں 38 افراد نے ایک قبرستان میں مقررہ وقت میں قبر کھودنے کا مقابلہ کیا۔لیکن اس مقابلے میں صرف رفتار ہی نہیں، بلکہ قبر کی گہرائی، لمبائی، چوڑائی اور صفائی بھی کامیابی کی شرط تھی۔

دنیا میں مقابلے تو بہت ہوتے ہیں ،دوڑ، تیراکی اور کھیلوں کے مقابلے بھی عام ہیں، لیکن ہنگری میں ہونے والے اس مقابلے نے ثابت کر دیا کہ قبر کھودنے کا ہنر بھی باقاعدہ مقابلے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ہنگری کے شہر نائرگیشوئے فالو میں قائم ایک سرکاری قبرستان جہاں عام طور پر خاموشی اور سنجیدگی نظر آتی ہے، وہاں اس روز بیلچے چلنے کی رفتار نے ماحول کو مقابلے کا میدان بنا دیا۔

قبرستان میں قبر کھودنے کے منفرد مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں 38 افراد نے حصہ لیا۔مقابلے میں 19 دو رکنی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِمقابل تھیں۔چیلنج آسان نہیں تھا۔شدید گرمی کے باعث زمین خشک اور سخت ہو چکی تھی، لیکن شرکا نے ہمت نہ ہاری اور مقررہ پیمائش کے مطابق قبر کھودنے کے لیے پوری قوت لگا دی۔

کہیں بیلچہ تیزی سے چل رہا تھا تو کہیں مٹی نکالنے کی دوڑ لگی تھی۔لیکن مقابلے میں صرف یہ نہیں دیکھا جا رہا تھا کہ قبر پہلے کون مکمل کرتا ہے۔شرکا کو قبر کی نفاست، درست پیمائش اور مناسب تراش خراش پر بھی نمبر دیے گئے۔قواعد کے مطابق قبر کی گہرائی ایک اعشاریہ چھ میٹر، لمبائی دو میٹر اور چوڑائی صفر اعشاریہ آٹھ میٹر مقرر کی گئی تھی۔پھر وہ لمحہ آیا جب ایک ٹیم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رابرٹ ناگی اور لازلو کِش نے صرف ایک گھنٹہ 21 منٹ میں مقررہ معیار کے مطابق قبر تیار کر کے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔فاتح ٹیم کو انعام میں دو لاکھ ہنگری فورنٹ دیے گئے، جو تقریباً 640 امریکی ڈالر بنتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.