نیویارک کے علاقے ٹائمز اسکوائر میں چاقو زنی کے واقعے میں بینک آف امریکا کی 32 سالہ نائب صدر ایرن پیاسیٹی چل بسیں جبکہ ایک 68 سالہ شخص بھی زخمی ہوا۔پولیس فائرنگ میں حملہ آور خاتون ماری گئی۔
نیویارک کا مشہور ٹائمز اسکوائر، جہاں ہر وقت سیاحوں اور شہریوں کا ہجوم رہتا ہے، دن دہاڑے ہونے والے ایک پُرتشدد واقعے سے لرز اٹھا۔پولیس کے مطابق چاقو سے حملے میں بینک آف امریکا کی 32 سالہ نائب صدر ایرن پیاسینٹی چل بسیں۔واقعہ ویسٹ 42 اسٹریٹ اور سیونتھ ایونیو کے قریب پیش آیا، جہاں اچانک پولیس اور ہنگامی امدادی گاڑیوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حملہ بظاہر اچانک اور بلا اشتعال معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے میں ایک 68 سالہ شخص بھی چاقو کے وار سے زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جب اہلکار موقع پر پہنچے تو 49 سالہ خاتون پامیلا سسنیروس دو بڑے چاقو لیے موجود تھی اور اہلکاروں کی جانب بڑھی۔اہلکاروں نے اسے قابو کرنے کے لیے اسٹن گن استعمال کی، تاہم وہ ہتھیار پھینکنے پر آمادہ نہ ہوئی، جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کردی۔ خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔پولیس کے مطابق خاتون کی ذہنی صحت سے متعلق ماضی کا ریکارڈ بھی موجود تھا۔دوسری جانب بینک آف امریکا نے ایرن پیاسینٹی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک قابل قدر ساتھی قرار دیا ہے۔پیاسینٹی بینک کے بزنس سلیکشن اینڈ کانفلکٹس یونٹ میں نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں اور تقریباً 18 ماہ قبل ڈیوٹی جوائن کی تھی۔بینک آف امریکا کے مطابق واقعے کے بعد اس کی سیکیورٹی ٹیمیں پولیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کررہی ہیں اور ملازمین اور دفاتر کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔ٹائمز اسکوائر میں پیش آنے والے اس واقعے نے ایک بار پھر نیویارک کے مصروف عوامی مقامات پر شہریوں کی حفاظت اور ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر توجہ مرکوز کردی ہے۔