نیویارک میں پہلاویلی اسٹریم پاکستان ڈے فیسٹیول
نیویارک کے علاقے ویلی اسٹریم میں جشن آزادی کی مناسبت سے پہلا ویلی اسٹریم پاکستان ڈے فیسٹیول انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ ساؤتھ ایشین امریکن سمال بزنس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پہلےویلی اسٹریم پاکستان ڈے فیسٹیول میں حکومتی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
نیویارک کے علاقے ویلی اسٹریم میں پہلے ویلی اسٹریم پاکستان ڈے فیسٹیول میں پاکستانی ثقافت، موسیقی، کھانوں اور تفریح کے رنگ نمایاں رہے۔ بچوں کے لیے تفریحی رائیڈز اور باؤنسی کیسل پر مشتمل خصوصی فن زون بنایا گیا، جبکہ مختلف پاکستانی کھانوں، آئس کریم، کپڑوں اور جیولری کے اسٹالز بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔تقریب کا آغاز ناساؤ کاؤنٹی کے اٹارنی شہریار علی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ انہوں نے ولیج جسٹس میلانیا جینکنز کو اسٹیج پر مدعو کیا، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔تقریب کے میزبان عاصم ملک نے ساسبا کی جانب سے شرکاء کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی، جبکہ ساسبا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عون مرتضیٰ نقوی نے ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم اور فیسٹیول کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔اسٹیج پر چوہدری اکرم، سینئر صحافی مجیب لودھی اور ساسبا کے محسن شاہ کی موجودگی میں تلاوتِ کلام پاک سے فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوا۔تقریب میں پہلے امریکا کا قومی ترانہ اور عہد پیش کیا گیا، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بھی احترام کے ساتھ بجایا گیا۔بچوں اور عطیہ شہناز کی ٹیم نے خصوصی پرفارمنس پیش کی، جس کے اعتراف میں محسن شاہ نے انہیں شیلڈ پیش کی۔فیسٹیول کے دوران ساسبا کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے مختلف تنظیمی عہدیداران اور نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں کمیونٹی سروس ایوارڈز اور اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔محسن شاہ نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔فیسٹیول میں امریکی حکام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ناساؤ کاؤنٹی کی کمپٹرولر ایلین فلپس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ناساؤ کاؤنٹی کے دسویں کاؤنٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین کی جانب سے خصوصی ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا، جس میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔فیسٹیول کے دوران مغرب کے وقت اذان کا بھی احترام کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔میزبان عاصم ملک نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا۔ انسپکٹر عدیل رانا نے ساسبا کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی۔شام ڈھلتے ہی فیسٹیول میں موسیقی اور تفریح کا رنگ مزید گہرا ہوگیا۔ مائیکل مے نے اپنی گائیکی سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ پنجابی گلوکار عمران علی نے ملی نغموں اور پنجابی گیتوں سے سماں باندھ دیا۔معروف فنکار آر جے رزی نے ہجوم کے درمیان جاکر شرکاء کو تفریح فراہم کی، جبکہ فیسٹیول کے عروج پر معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے اسٹیج سنبھالا اور اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے۔فیسٹیول میں شرکاء کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مختلف اسٹالز کی جانب سے قرعہ اندازی اور لکی ڈراز کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں خوش نصیب افراد کو آئی پیڈز، ایل ای ڈی ٹی وی، ایئرپوڈز اور دیگر قیمتی انعامات دیے گئے۔دوپہر دو بجے سے رات دس بجے تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں عوام کے لیے داخلہ اور پارکنگ مفت رکھی گئی تھی۔ویلی اسٹریم میں منعقد ہونے والا پہلا پاکستان ڈے فیسٹیول نہ صرف پاکستانی ثقافت، موسیقی اور روایات کا خوبصورت مظہر بنا بلکہ پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کے درمیان باہمی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور اتحاد کا بھی شاندار اظہار ثابت ہوا۔