vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی عدالت کا بڑا حکم، 39 ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کی امیگریشن درخواستوں پر ہولڈ ختم

0

امریکا میں امیگریشن درخواستوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کیلیفورنیا کی ایک وفاقی عدالت نے یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسزکو 39 ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی زیرِ التوا درخواستوں پر عائد ہولڈ ختم کرتے ہوئے معمول کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

24 اگست 2026 کو نارتھ ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت نے یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کی دو پالیسی میمورنڈمز کو روک دیا، جن کے تحت مخصوص ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی بعض امیگریشن درخواستوں پر فیصلہ روک دیا گیا تھا۔عدالت نے یو ایس سی آئی ایس کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ درخواستوں پر معمول کے طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جائے۔عدالت نے اس مقدمے میں متاثرہ افراد کے ایک بڑے گروپ کو بھی قانونی طور پر شامل کیا ہے۔ اس میں ان 39 ممالک یا فلسطینی اتھارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جو امریکا میں پناہ کے لیے I-589 درخواست دے چکے ہیں، یا جن کی یو ایس سی آئی ایس میں کوئی اور امیگریشن درخواست زیرِ التوا ہے اور اس پر مذکورہ پالیسیوں کے تحت ہولڈ لگا ہوا تھا۔یعنی ایسے افراد جن کی درخواستیں طویل عرصے سے رکی ہوئی تھیں، ان کے لیے اب امید پیدا ہوئی ہے کہ یو ایس سی آئی ایس دوبارہ ان کی درخواستوں پر کارروائی شروع کرے گا۔تاہم یہ فیصلہ ابھی قانونی جنگ کا اختتام نہیں۔ یو ایس سی آئی ایس نے عدالت کے حکم سے اختلاف کا اظہار کیا ہے، لیکن کہا ہے کہ مزید عدالتی کارروائی تک وہ عدالت کے حکم پر عمل کرے گا۔حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں اس فیصلے کی روشنی میں مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔ متاثرہ افراد کے لیے اہم بات یہ ہے کہ اپنی درخواست کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، کیونکہ اس کیس میں مزید قانونی پیش رفت بھی ممکن ہے۔امریکی امیگریشن کیسز میں برسوں سے زیرِ التوا درخواستوں کے لیے یہ عدالتی حکم ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.