پاکستانی فٹ بال کو عالمی پذیرائی، ٹیکساس میں اے پی پیک کی خصوصی تقریب
امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ٹیکساس چیپٹر نے فیفا ورلڈ کپ کے لیےپاکستان کی تیا ر کردہ عالمی معیار کی فٹ بال کو پذیرائی ملنے پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اے پی پیک نے منتخب نمائندوں کو پاکستانی فٹ بال بھی پیش کیں۔
ٹیکساس کے شہر ارونگ میں امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ٹیکساس کے زیرِ اہتمام اہم کمیونٹی اور نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈلاس فورٹ ورتھ کے چھ میئرز، تقریباً دس سٹی کونسل ممبران، ٹیکساس کے دو ریاستی نمائندوں، کاؤنٹی کمشنرز، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور تقریباً ڈیڑھ سو کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔اے پی پیک ٹیکساس کے چیئرمین ندیم اختر نے مہمانوں کو پاکستانی فٹ بال پیش کیے۔تقریب کا مقصد مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط اور اتحاد کو فروغ دینا، جبکہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کے معاشی اور سماجی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ایونٹ میں کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو منتخب نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات اور نارتھ ٹیکساس میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کا موقع بھی ملا۔اے پی پیک ٹیکساس کے چیئرمین ندیم اختر نے اس ایونٹ کوپاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی اور باہمی تعلقات کی علامت قرار دیا۔اے پی پیک ٹیکساس کے مطابق، فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستان میں تیار کی گئیں فٹ بالز کے ذریعے پاکستانی ہنرمندی اور عالمی اسپورٹس انڈسٹری میں پاکستان کے کردار کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا بھی موقع مل رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے یہ تجدید ِ عہد کیا کہ وہ باہمی اتحاد، دوستی اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیں گے۔