امریکی ریاست آئیڈاہو کے شہر ٹوئن فالز میں ایک اِن این آؤٹ برگر ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی سہ پہر پیش آیا، جہاں ایک مسلح شخص نے ریسٹورنٹ کے باہر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور بھی ہلاک ہو چکا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ ہلاک ہونے والے تین افراد میں وہ بھی شامل ہے یا نہیں۔پولیس چیف میتھیو ہکس کے مطابق فائرنگ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد علاقے میں مزید کسی خطرے کا اندیشہ نہیں رہا۔حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ مصروف تجارتی علاقے میں ہونے کے باعث اس وقت سینکڑوں افراد موجود تھے، جس سے شدید افراتفری پھیل گئی۔پولیس نے عینی شاہدین سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ ایف بی آئی بھی تحقیقات میں مقامی حکام کی معاونت کر رہی ہے۔