نیویارک: مسجد میں چوری کرنے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے تصویر جاری
نیویارک کی مکی مسجد میں نمازیوں کے کپٹروں سے رقم چوری کرنے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس نے تصویر جاری کردی۔ گرفتاری کی مدد میں معلومات فراہم کرنے والے کو ساڑھے تین ہزار ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔
بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجدکے داخلے راستے پرنمازیوں کی ٹانگی ہوئی جیکٹ، کوٹ ، جرسی وغیرہ کی جیبوں میں موجود رقم چوری کیے جانے کے واقعہ نے مسجد انتظامیہ کو تشویش میں مبتلا کردیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی نماز کے اوقات کار کے دوران کی ویڈیو کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ایک نامعلوم نوجوان نماز کے اوقات میں مسجد میں آتا ہے اورنمازیوں کے ٹانگے ہوئے کپڑوں پر ہاتھ صاف کر جاتا ہے۔ مسجد انتظامیہ نے نیویارک سٹی پولیس کو واقعے کی شکایت درج کرائی اور مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی فراہم کردی ہے ۔ این وائے پی ڈی کے کرائم اسٹاپرز نے مسجد انتظامیہ کی فراہم کردہ فوٹیج کی مدد سے چوری میں ملوث نوجوان ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اس کی تصویر جاری کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی یا گرفتاری میں مدد دینے کے لیے معلومات فراہم کرنے والے کو 3500 ڈالر کی انعامی رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ چوری میں ملوث ملزم سے متعلق معلومات کرائم اسٹاپرز کے نمبر پر دی جاسکتی ہے۔