فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار کو این وائے این جے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ دنیا بھر کے لاکھوں شائقین کی نظریں اس سنسنی خیز مقابلے پر مرکوز ہیں، جبکہ ہزاروں مداح اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ اسپین نے فرانس کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کے ہاف ٹائم میں خصوصی میوزیکل شو بھی پیش کیا جائے گا۔ فیفا کے مطابق اس میں بی ٹی ایس، جسٹن بیبر، میڈونا اور شکیرا پرفارم کریں گے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھی فائنل میں شرکت اور فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کی توقع ہے۔انتظامیہ نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت اسٹیڈیم پہنچیں۔ شٹل سروس صبح ساڑھے نو بجے جبکہ این جے ٹرانزٹ کی ریل سروس ساڑھے دس بجے شروع ہوگی۔ اسٹیڈیم کے دروازے صبح گیارہ بجے کھول دیے جائیں گے، اختتامی تقریب دوپہر ڈیڑھ بجے ہوگی جبکہ میچ کا آغاز سہ پہر تین بجے ہوگا۔یہ فائنل ایک اور دلچسپ پہلو بھی رکھتا ہے، کیونکہ یہ پہلی بار ہوگا کہ لیونل میسی اور لامین یامال ورلڈ کپ کے کسی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔