نیویارک میں احسن اقبال کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستان کی معاشی بحالی، برآمدات اور سیاسی استحکام پر زور
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے اعزاز میں نیویارک کی معروف کاروباری شخصیت احمد جان کی رہائش گاہ پر خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور کاروباری افرادنے شرکت کی۔
نیو یارک کی معروف کاروباری شخصیت احمد جان کی رہائش گاہ پر منعقدہ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی اس موقع پر تقریب کے میزبان احمد جان نے شرکاءسے مخاطب ہوتے ہوئے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت روحیل ڈار نے کہا کہ احسن اقبال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی، پالیسی سازی اور وژن کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ادوار میں بھی احسن اقبال نے کارکنان کی رہنمائی کی اور پارٹی کے ترقیاتی وژن کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ حکومت کو اقتدار سنبھالتے وقت شدید معاشی بحران کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے، جن کی سیاسی قیمت بھی ادا کرنا پڑی، لیکن یہ اقدامات ناگزیر تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام، پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برآمدات میں اضافے کو معاشی خودمختاری کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔کشمیر کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اور مہاجرینِ کشمیر کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے اور تاریخی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔احسن اقبال نے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی، جامعات اور تحقیقی اداروں سے ملاقاتیں اہم رہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔آخر میں مہمانوں کی لزیز پکوانوں سے تواضع کی گئی۔