امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ ریاست مینیسوٹا کے محکمہ صحت نے نسلی اور رنگ کی بنیاد پر گرانٹس دینے والا متنازع کیپسٹی اسٹرینتھننگ انیشی ایٹو پروگرام ختم کر دیا ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق یہ جائزہ اس وقت شروع کیا گیا تھا جب معلوم ہوا کہ مذکورہ پروگرام میں درخواست گزاروں کو فنڈنگ دینے کے لیے نسل، رنگ اور قومی پس منظر کو معیار بنایا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ فنڈز کی تقسیم میں ان علاقوں کو فوقیت دی جاتی تھی جہاں سیاہ فام یا غیر سفید فام لاطینی آبادی کا تناسب زیادہ تھا۔محکمہ انصاف نے واضح کیا کہ ٹائٹل VI کے تحت وفاقی مالی معاونت حاصل کرنے والے تمام اداروں پر لازم ہے کہ وہ نسل، رنگ یا قومی شناخت کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہ کریں، اور اسی وجہ سے مینیسوٹا کے محکمہ صحت کے خلاف جاری تعمیلی جائزہ اب باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا ہے۔