آسٹریلوی حکومت نے یکم جولائی 2026 سے ورکنگ ہالیڈے ویزا کی فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
اضافے کے بعد پہلی مرتبہ ورکنگ ہالیڈے ویزا کے لیے درخواست کی فیس 670 آسٹریلوی ڈالر سے بڑھا کر 840 آسٹریلوی ڈالر کر دی گئی ہے، جبکہ دوسری یا تیسری مرتبہ درخواست دینے والوں کو اب ایک ہزار آسٹریلوی ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ یہ اضافہ ورکنگ ہالیڈے ویزا (سب کلاس 417) اور ورک اینڈ ہالیڈے ویزا (سب کلاس 462) دونوں پر لاگو ہوگا۔ آسٹریلوی حکومت کے مطابق بیشتر ویزا کی درخواستوں کی فیس میں اوسطاً 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ دوسری اور تیسری مرتبہ ورکنگ ہالیڈے ویزا حاصل کرنے والوں کے لیے خصوصی طور پر 330 آسٹریلوی ڈالر کا اضافی چارج مقرر کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ورکنگ ہالیڈے پروگرام اب بھی نوجوانوں کو آسٹریلیا میں سفر، عارضی ملازمت اور تین سال تک قیام کا موقع فراہم کرتا ہے، تاہم ویزا فیس میں اضافے سے خاص طور پر وہ افراد زیادہ متاثر ہوں گے جو اپنی مدتِ قیام کو دوسرے یا تیسرے سال تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ ویزا فیس کے علاوہ طبی معائنہ، انشورنس، دستاویزات کے ترجمے اور دیگر اخراجات بھی درخواست گزاروں کو برداشت کرنا ہوں گے۔