نیویارک کے علاقے بروکلین سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نکولس میتھیو اسکیلفو کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ایک افسر اور اس کے اہلخانہ کو قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم پر وفاقی افسر کو دھمکی دے کر اس کے فرائض میں مداخلت اور انتقامی کارروائی کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق 27 مئی کو نیوجرسی کے شہر نیوارک میں واقع ایک آئی سی ای حراستی مرکز کے باہر ہونے والے مظاہرے کے دوران ملزم نے ایک افسر کی جانب چیخ کر دھمکی آمیز جملے کہے اور اس کے اہلخانہ کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کیں۔حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے مظاہرے کے دوران افسر اور اس کے خاندان کو دھمکیاں دی تھیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے چہرہ شناسی کی ٹیکنالوجی اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کیا۔اگر عدالت میں الزام ثابت ہو جاتا ہے تو ملزم کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقدمے میں عائد الزامات فی الحال صرف دعوے ہیں اور عدالت کے حتمی فیصلے تک ملزم قانوناً بے گناہ تصور کیا جائے گا۔