دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کا ایک نیا موقع سامنے آگیا ہے۔ شی پلس ٹیک اور ڈیٹا کیمپ کے اشتراک سے 2026 کے لیے ایک خصوصی اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنے کے لیے مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدواروں کو تین ماہ کے لیے ڈیٹا کیمپ کے پریمیم لرننگ پلیٹ فارم تک مفت رسائی دی جائے گی، جہاں وہ 600 سے زائد کورسز میں شرکت کرسکیں گی۔ ان کورسز میں ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت (AI)، مشین لرننگ، ڈیٹا اینالیٹکس، پائتھن پروگرامنگ، ایس کیو ایل، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا انجینئرنگ اور دیگر اہم تکنیکی شعبے شامل ہیں۔منتظمین کے مطابق اسکالرشپ کا مقصد خواتین کی ٹیکنالوجی کے میدان میں شمولیت بڑھانا اور انہیں عالمی ڈیجیٹل معیشت میں بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ پروگرام ابتدائی سطح کے سیکھنے والوں سے لے کر تجربہ کار پیشہ ور افراد تک سب کے لیے موزوں ہے، جبکہ شرکاء کو کم از کم ایک مکمل کورس تین ماہ کے دوران مکمل کرنا ہوگا۔اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والی خواتین کی عمر 18 سے 55 سال کے درمیان ہونی چاہیے، ان کے پاس لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہو، اور وہ شی پلس ٹیک کی رجسٹرڈ رکن ہوں۔ منتخب امیدوار نہ صرف مفت تربیت حاصل کریں گی بلکہ عالمی سطح پر خواتین کی ایک پیشہ ور کمیونٹی سے بھی منسلک ہو سکیں گی، جس سے ان کے کیریئر اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔