نیو یارک :بروکلین کی مکی مسجد میں جمعہ کی دوسری نماز کا آغاز، خطبہ انگریزی میں دیا جائے گا
مکی مسجد میں نوجوان نسل کی سہولت کے پیشِ نظر جمعہ کی دوسری نماز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسجد انتظامیہ کے مطابق پہلی نمازِ جمعہ معمول کے مطابق ادا کی جائے گی، جبکہ دوسری نماز دوپہر 3 بجے ہوگی جس کا خطبہ انگریزی زبان میں دیا جائے گا۔
مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اُن بچوں اور نوجوانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جن کے اوقاتِ اسکول کے باعث جمعہ کے روز بروقت مسجد پہنچنا ممکن نہیں ہوتا۔ بیشتر طلبہ کے اسکول ڈھائی بجے ختم ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی نمازِ جمعہ قضا ہو جاتی تھی۔انتظامیہ کے مطابق دوسری نمازِ جمعہ خصوصی طور پر اُن بچوں اور نوجوانوں کے لیے رکھی گئی ہے جو اردو یا عربی زبان مکمل طور پر نہیں سمجھ پاتے۔ انگریزی خطبے کے ذریعے انہیں دینِ اسلام کی تعلیمات، جمعہ کی اہمیت اور اسلامی پیغام کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔مقامی کمیونٹی اور والدین نے مکی مسجد کے اس اقدام کو نہایت مثبت اور بروقت فیصلہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو مسجد سے جوڑنے اور دین کی تعلیم ان کی سمجھ کی زبان میں فراہم کرنے کی اشد ضرورت تھی، جسے مکی مسجد نے عملی شکل دی ہے۔مسجد انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے نوجوانوں میں دینی شعور بیدار ہوگا، ان کا مسجد سے تعلق مضبوط ہوگا اور وہ اسلامی تعلیمات کو بہتر انداز میں اپنی زندگی کا حصہ بنا سکیں گے۔