امریکی ریاست کیلیفورنیا نے نومولود بچوں کے والدین کے لیے ایک منفرد پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے مفت ڈائپر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیلیفورنیا کے گورنر کے مطابق اب ریاست کے منتخب اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے خاندانوں کو اسپتال سے گھر واپسی پر سیکڑوں مفت ڈائپر دیے جائیں گے تاکہ بڑھتے اخراجات کا بوجھ کم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں تقریباً 65 سے 75 اسپتالوں کو شامل کیا جائے گا جہاں زیادہ تر کم آمدنی والے خاندان علاج کے لیے آتے ہیں۔ ہر خاندان کو تقریباً 400 ڈائپر فراہم کیے جائیں گے جو ایک ماہ سے زائد عرصے کی ضرورت پوری کریں گے۔ ریاست نے اس منصوبے کے لیے گزشتہ بجٹ میں 74 لاکھ ڈالر مختص کیے تھے جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے مزید ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔یہ پروگرام غیر منافع بخش ادارے Baby2Baby کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق جدید نظام کے ذریعے کم قیمت پر ڈائپر تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کے ڈائپر بہت سے خاندانوں کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ بن چکے ہیں کیونکہ ایک بچے پر ماہانہ تقریباً 100 ڈالر خرچ آتا ہے۔ حکام کے مطابق بعض والدین اخراجات کم کرنے کے لیے ڈائپر زیادہ دیر تک استعمال کرتے ہیں جس سے بچوں میں جلدی بیماریوں اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔